شرجیل میمن وفاقی حکومت کے دوہرے معیار پر پھٹ پڑے


کراچی (24 نیوز): سابق وزیرِ اطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے اسیر رہنما شرجیل انعام میمن وفاقی حکومت کے دوہرے معیار پر پھٹ پڑے، کہتے ہیں ہمارا ٹرائل بکتر بند گاڑیوں اور جیلوں میں ہو رہا ہے جبکہ نواز شریف کا ٹرائل بی ایم ڈبلیو اور محلوں میں ہو رہا ہے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں مبینہ کرپشن ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور دیگر پیش ہوئے، شرجیل میمن کے وکیل نے کہا کہ توہینِ عدلت کی درخواست زیرِ التوا ہے، جس کی وجہ سے عدالت نے فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن  نے کہا کہ نون لیگ کی دوغلی پالیسی واضح ہوچکی ہے ہمارے نام ای سی ایل میں ڈالے جارہے ہیں، مگر اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کو اپنی جاگیر سمجھتی ہے اور جس طرح چاہے استعمال کرتی ہے، نواز شریف کا مقصد اپنے بچوں کو بچانا ہے، شکست ان کا مقدر ہے۔