اے این ایف کے فورس کمانڈرز کا اجلاس، پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا


راولپنڈی (24 نیوز): اے این ایف کے فورس کمانڈرز کا اجلاس، پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے سمیت بین الاقوامی پروازوں کی سخت چیکنگ کے احکامات جاری کیے گئے۔

 

اے این ایف کے فورس کمانڈر کا اجلاس اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈی جی اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک نے کی، ڈی جی اے این ایف نے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی، ڈی جی اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک نے تمام ایئر پورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کی سخت چیکنگ کے احکامات جاری کیے۔

 

اجلاس میں ڈی جی اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں، منشیات کی رسد اور طلب میں کمی کے پروگراموں اور منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی جی اے این ایف نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

 

ترجمان اے این ایف کے مطابق ڈی جی اے این ایف نے ادارے کے تمام شعبہ جات کو سراہا اور مستقبل کے اہداف مقرر کئے۔