امن کیلئے پاکستان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں:وزیر خارجہ


اسلام آباد( 24نیوز )وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں اورامن کیلئے پاکستان کی خدمات سب کے سامنے ہیں۔
اقوام متحدہ کے 73ویں عالمی دن کے موقع پر وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے ، اقوام متحدہ نے ماحولیات، امن سمیت دیگرشعبوں میں فقیدالمثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اقوام متحدہ نے غربت کے خاتمے،صحت، انسانی ہمدردی کے شعبے میں بے مثال کردارادا کیا، اقوام متحدہ کے طے کردہ مقاصد کے حصول کے لیے دل جمعی سے کوشاں رہیں گے۔


وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں اور امن کے لیے پاکستان کی خدمات سب کے سامنے ہیں، 1960 سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگ جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔