پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دیدی

پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دیدی


ابوظہبی(24 نیوز) شاہینوں نے کینگروز کا نمبر 1 بننے کا خواب چکنا چور کر دیا، پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو  66 رنز سے شکست دے کر رینکنگ میں پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

156 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کا مایوس کن آغاز ہوا، پہلے ہی اوور میں کپتان ایرون فنچ صفر اور شارٹ 4 رنز بنا کر عماد وسیم کے ہاتھوں جکڑے گئے، 22 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کے 6 کھلاڑی پولین لوٹ گئے، تب اگر اور ناتھن کالٹر نائل نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں38 رنز جوڑ کر آسٹریلیا کو مکمل تباہی سے بچا لیا، ناتھن کالٹر نائل 34، اشٹون اگر 19اور کرس لین 14 رنز کے ساتھ نمایان رہے، عماد نے 3 اور فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور حسن علی 1،1 وکٹ حاصل کر سکے۔

اس سے پہلے پاکستان کی جانب اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا، تاہم فخر کا جادو نہ چل سکا، وہ 14 رنز بنا کر بلی سٹین لیک کا شکار بن گئے، بابر اعظم نے حفیظ کے ساتھ مل کر سکور کو 110 تک پہنچایا، حفیظ اس موقع پر 39 رنز کے انفرادی سکور پر شارٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس دوران بابر اعظم نے شاندار ففٹی سکور کی، آصف علی کو چوتھے نمبر پر پروموٹ کیا گیا تاہم وہ 2 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے، اس کے بعد وکٹوں کی جھڑی لگ گئی، طلعت 9، شاداب 1 جبکہ سرفراز، فہیم اور عماد وسیم بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔حسن علی 17 اور بابر اعظم 68 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی طرف سے اینڈریو ٹائی اور بیلی سٹین لیک 3 جبکہ شارٹ اور  زامپا نے 1، 1 وکٹ پر اکتفاء کیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حسین طلعت، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں ایرون فنچ، ڈارسی شارٹ، کرس لین، گلن میکسویل، بین میک ڈرمٹ، الیکس کیرے، اشٹون اگر، ناتھن کالٹر نائل، اینڈریو ٹائی، ایڈم زامپا اور بلی سٹینلیک شامل ہیں۔

 کینگروز کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان سے پہلی پوزیشن لینے کیلئے سیریز میں وائٹ واش کرنا ہوگا جبکہ پاکستان کو اپنے ٹاپ سپاٹ کا دفاع کرنے کے لیے صرف ایک جیت درکار ہے، پاکستان اور آسٹریلیا اب تک 17 بار ٹی ٹونٹی میچز میں مدمقابل ہوئے۔ 17 میچز میں 9 بار جیت پاکستان کا مقدر بنی ، آسٹریلیا 7 بار پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب رہی۔ ایک میچ کا نتیجہ   نہ نکل سکا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔