پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کردیا

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کردیا


اسلام آباد(24 نیوز) پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بے بنیاد بیان کو سختی سے مسترد کر دیا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ  پاکستان بھارتی آرمی چیف کی جانب سے بالاکوٹ میں دہشت گردی کے کیمپ کو دوبارہ فعال کرنے کے الزام کو مسترد کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے دراندازی سے متعلق الزامات  دنیا کی مقبوضہ کشمیر میں سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کوشش ہے،بھارت ایسے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا،بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو بھی نہیں چھپا سکے گا۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے 2019 میں 26 بے گناہ شہری شہید اور 124 زخمی ہوئے ہیں،ؒبھارت کے بیانات اور اقدامات علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں،امید ہے بین الاقوامی برادری ہندوستان پر ایسے اقدامات سے باز رہنے کے لیے زور دے گی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer