موجودہ حکومت نے معیشت تباہ کر دی: آصف زرداری


اسلام آباد (24 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے وفاقی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت تباہ کر دی، حکومت نے خارجہ امور پر کوئی توجہ نہیں دی، جس سے بے شمار مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔

زرداری ہاوس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی جہلم کے عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے وہ دن اب زیادہ دور نہیں ہے جب ایوان صدر اور چاروں صوبوں کے وزیر اعلیٰ ہاوس میں بھٹو کے نعرے گونجیں گے اور چاروں صوبوں کے گورنر بھی جیالے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان کے دوست بنائے جائیں جن سے فائدہ ملک اور عوام کو ہو۔ آصف زرداری نے کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں۔

اس سے قبل زرداری ہاوس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور سینٹ کے انتخابات اور پارٹی امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔