این آر او کا معاملہ،وزیر اعظم نے بڑا اعتراف کرلیا



اسلام آباد(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان ایک بار پھر این آر او کی بات پر اڑ گئے،کہتے ہیں کہ اپوزیشن  اے پی سی کرے یا تحریک چلائے کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این آر او کے لیے مجھ سے براہ راست رابطہ نہیں کیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ میں کرپشن کیسز پر سمجھوتا نہیں کروں گا۔  اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پروا نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے اور اراکین پارلیمنٹ عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی سمت کا تعین کردیا اور بحران سے نکل رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجٹ منظوری قانونی تقاضا ہے اس لیے تمام اراکین ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے اور پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا۔

اھر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران اکثر وزرا چلے گئے،وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس جاری تھا کہ فواد چودھری ، ڈاکٹر شیریں مزاری ، فردوس عاشق اعوان اور دیگر چلے گئے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer