وزیر اعظم عمران خان کی عمر ایوب کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد

وزیر اعظم عمران خان کی عمر ایوب کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد


کراچی(24 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزارت توانائی نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران 81 ارب روپے جمع کیے ہیں جبکہ اگلے برس مزید 120 ارب روپے ریکور کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے پانچ سالوں میں درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرکے اسے 41 سے 30 فیصد پر لایا جائے گا۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے وزیر توانائی عمر ایوب خان اور ان کی ٹیم کوبہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور بتایا کہ انہوں نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران 81 ارب روپے اضافی جمع کیے ہیں جن میں سے 58 ارب روپے بجلی کی چوری روک کر اکٹھے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک کے 80 فیصد حصے کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ سحری اور افطار کے اوقات میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی۔ وزیر اعظم نے وزارت توانائی کی ٹیم کو اچھا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ نیا پاکستان ہے۔عمران خان نے مزید کہاکہ اگلے برس 120 ارب روپے مزید ریکور کیے جائیں گے جبکہ سرکلر ڈیٹ کو 38 ارب ماہانہ سے کم کرکے 26 ارب ماہانہ پر لایا جاچکا ہے اور اگلے دسمبر تک سرکلر ڈیٹ زیرو ہوجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پرانے بقایا جات کی مد میں مزید 100 ارب روپے بھی ریکور کیے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ اگلے پانچ سال کے دوران درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرکے اسے 41 سے 30 فیصد پر لایا جائے گا جبکہ اگلے 10 برس میں درآمدی ایندھن پر انحصار صرف 20 فیصد رہ جائے گا۔ درآمدی ایندھن کے متبادل کے طور پر ہائیڈل اور تھرکول جیسے مقامی ایندھن کو استعمال کیا جائے گا۔