خواجہ آصف کی نا اہلی پر سیاستدانوں کا رد عمل سامنے آ گیا


اسلام آباد (24 نیوز) سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی پر سیاستدانوں کا رد عمل سامنے آ گیا۔ جس ایک طرف جشن اور مٹھائیاں بانٹی جا رہی ہیں جبکہ دوسری جانب صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ گاڈ فادر کا ایک اور درباری پکڑا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے خواجہ آصف کی نااہلی پرجشن منایا۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف تاحیات نا اہل، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ 

نااہلی کے فیصلہ پر سیاستدانوں کا رد عمل بھی آیا۔ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ فیصلہ سے قوم کی فتح ہوئی۔ کامیابی کا کریڈٹ اپنے لیڈر عمران خان کو دیتا ہوں۔

خواجہ آصف کی نااہلی کے فیصلہ کے بعد سیالکوٹ اور گجرات میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جشن منایا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ کارکنوں نے نوافل بھی ادا کیے۔

پڑھنا نہ بھولیں: خواجہ آصف کے حق میں شیریں مزاری کی بیٹی میدان میں آگئی 

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ گارڈ فادر کا ایک اور درباری رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی نااہلی ن لیگ کے لیے بڑا دھچکہ ہے۔ خواجہ آصف کا پارلیمنٹ میں رویہ ہمیشہ غیر اخلاقی رہا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ علی بابا کے ساتھ چالیس چوروں کا بھی احتساب ہوا۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ شیری رحمان نے کہا کہ خواجہ آصف نا اہلی کا فیصلہ تسلیم کریں۔ وفاقی وزیر یا وزیراعظم کو اقامہ زیب نہیں دیتا۔

عوام اب خواجہ آصف کے سائے کو بھی ووٹ دیں گے: مریم نواز

مریم نواز نے ٹویٹ کیا کہ جس کا ووٹ کے میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتے اسے فکسڈ میچ میں نااہل کرا دو مگر یاد رکھو عوام اب خواجہ آصف کے سائے کو بھی ووٹ دیں گے۔