صدارتی امیدوار کے نام پر اپوزیشن تقسیم، پیپلز پارٹی اعتزاز کے نام پر ڈٹ گئی



اسلام آباد(24نیوز) متحدہ اپوزیشن مشترکہ صدارتی امیدوارپرمتحد نہ ہوسکی،مسلم لیگ (ن ) کے صدر شہبازشریف آج اپوزیشن کےامیدوار کااعلان کریں گے.

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن وزیراعظم کے معاملہ کی طرح صدر کی سلیکشن کے معاملہ پر بھی تقسیم ہوتی نظر آرہی ہے،  پاکستان پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی،   پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعتزازاحسن ہی ہمارے صدارتی امیدوار ہیں۔ آصف علی زرداری نے رہنماؤں کو واضح ہدایات جاری کر دیں کہ  اعتزاز احسن کے علاوہ کوئی اور امیدوار نہیں ہو گا، ن لیگ کو اعتزاز احسن کے نام پر ہی راضی کیا جائے۔

رکن قومی اسمبلی رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز احسن کو متحدہ اپوزیشن کا صدارتی امیدوار بنوانے کے لیئے پیپلز پارٹی ابھی بھی پر امید ہے، ہمیں ماضی کی تلخیوں کو چھوڑ کر آگے بڑھنا ہے۔ اعتزاز احسن کا نام اس لیے لائے کہ ملک کو ایسے چہرے کی ضرورت ہے۔

ساتھ ہی ساتھ  پاکستان پیپلز پارٹی نے جے یو  آئی (ف) کے  مولانا فضل الرحمان سے بھی مدد مانگتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اعتزاز احسن کے نام پر شہباز شریف کو منائیں، جس کیلئے مولانا فضل الرحمان آج شہبازشریف سےمل کرمعاملہ حل کرائیں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کا نام آج فائنل ہوجائے گا۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔