پردیسیوں کی چاندی ہوگئی

پردیسیوں کی چاندی ہوگئی


سکھر (24نیوز) موٹروے پولیس کی عید گھر پر مناکر واپس جانے والے پردیسیوں سے زائد کرایہ وصول کرنےپرکاروائی ,مسافروں کو زائد کرائے کی مد میں لیے گئے گیارہ لاکھ روپے واپس کرادیئے ,ٹرانسپورٹروں پر سات لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد, موٹر وے پولیس نےآپریشن جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

 تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس نے آئی جی موٹر وے کی ہدایت پر عید گھر پر مناکر ڈیوٹیوں پر واپس جانے والے پردیسیوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ۔ موٹر وے پولیس کی ایک ٹیم نے ایس پی موٹر وے سکھر سرور بھیو  کی سربراہی میں قومی شاہراہ پر کاروائی کرتے ہوئے آنے جانے والی گاڑیوں کو روک کر اس میں سوار مسافروں سے کرائے کے حوالے سے معلومات کی اور زائد کرایہ وصول کرنے پر ٹرانسپورٹروں پر نہ صرف جرمانے عائد کیے بلکہ مسافروں سے لیا گیا زائد کرایہ بھی ان کو واپس کروایا۔

اس سلسلے میں ایس پی موٹروے سرور بھیو  کا کہنا تھا کہ کاروائی کے دوران اب تک مسافروں کو زائد کرایہ کی مد میں11 لاکھ روپے واپس کرائے گئے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹروں پر 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کاروائی مزید کئی روز تک جاری رہے گی۔