سنچورین ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 190 پر ڈھیر، جنوبی افریقہ کو 149 رنز کا ہدف

سنچورین ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 190 پر ڈھیر، جنوبی افریقہ کو 149 رنز کا ہدف


سنچورین ( 24نیوز ) سنچورین ٹیسٹ، پاکستان کی ٹیم کی دوسری اننگزمیں بھی ناکام ہوگئی۔ قومی ٹیم190رنزبناکرآؤٹ،جنوبی افریقاکو جیت کے لیے 149 رنز کا ٹارگٹ مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق امام الحق نے57اورشان مسعودنے65رنزکی اننگزکھیلی، سرفرازاحمددوسری اننگزمیں بھی صفرپرآؤٹ،اظہرعلی بھی انڈہ بنا کر چلتے بنے۔ جنوبی افریقا کے باؤلر اولیور ایک بار پھر پاکستانی کھلاڑیوں پر بھاری اترے اور 5 شکار کیے۔ اولیور نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کرلیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے دوسرے دن کا کھیل 2 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز سے شروع کیا تو  ٹیمبا باووما 38 اور ڈیل اسٹین نے 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستانی باؤلر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 223 رنز پر آؤٹ کردیا۔ محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 جب کہ حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سینچورین ٹیسٹ کا پہلا دن

سینچورین ٹیسٹ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن باؤنسی پچ پر قومی ٹیم کے بلے باز گھبرائے ہوئے دکھائی دئیے.کھیل کے آغاز میں امام الحق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،فخر زمان بھی 12 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کا شکار بنے.

اظہرعلی اورشان مسعود نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن شان مسعود بھی 19 رنز بنا کر ہمت ہارگئے،اسد شفیق کی اننگز 7 رنز تک محدود رہی۔اظہر علی 36 رنز بناکر اولیور کا شکاربنے،کپتان سرفرازاحمد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے،محمد عامر نے ایک اور یاسر شاہ نے 4 رنز بنانے۔

بابراعظم اورحسن علی نے جنوبی افریقی بولرزکے سامنے مزاحمت کی،بابر اعظم 71 رنز بنا کر ربادا کا شکار بنے،181 کے مجموعی اسکور پر شاہین آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیان اولیور نے 6،رابادا نے3 اورڈیل اسٹین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں محمد عامر،حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے میزبان ٹیم کوتگنی کا ناچ نچانا،اننگز کے آغاز پر4 پروٹیز بلے بازوں کو پویلین چلتا کیا،میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 112 کے مجموعی اسکور پر گری۔

دن کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 127 رنز بنالیے جبکہ اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 54 رنز درکار ہیں۔

قومی ٹیم میں حارث سہیل کی جگہ شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے، پاکستان ٹیم کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد عامر، حسن علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

میزبان ٹیم پاکستان کے خلاف 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتری ہے، پروٹیز ٹیم ایڈن مرکرم، ڈین ایلگر، کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ڈی بریون، ٹیمبا باووما، کوائنٹن ڈی کوک، کیشو مہاراج، کگیسو رابادا، ڈیل اسٹین اور ڈین اولیور پر مشتمل ہے۔

پاکستان ٹیم اب تک جنوبی افریقا میں کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی اور گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔

قومی ٹیم کے پاس جنوبی افریقا کو شکست دینے اور ایک دہائی پرانی ناکامی کی روایت کو توڑنے کا سنہری موقع ہے، جنوبی افریقی ٹیم اے بی ڈویلئرز کے بغیر میدان میں اتری ہے جب کہ اس کے پاس اہم فاسٹ بولر ورنن فلینڈر اور لنگی نگیڈی بھی موجود نہیں جو انجری کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer