شہباز شریف کی پانامہ لیکس اب سامنے آئی ہے:عمران خان

شہباز شریف کی پانامہ لیکس اب سامنے آئی ہے:عمران خان


اسلام آباد(24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی پاناما لیکس اب منظرعام پر آئی ہیں،کیوں کہ کیپیٹل کنسٹرکشن نامی کمپنی کے سربراہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی حکام کے سامنے اعتراف بھی کیا اور بتایا کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بیرون ملک اکاونٹس میں بھاری کمیشن منتقل کیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس اعتراف کے بعد فیصل سبحان کو غائب کردیا گیا ہے۔ میں اس گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں اور میری سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ میٹرو اور اورنج لائن منصوبوں کے معاہدے بھی قوم کے سامنے لائے جائیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پنجاب کی نوکر شاہی کا کردار بے نقاب ہوچکا ہے جب کہ حکومت کی جانب سے شفافیت کے تمام تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے ان منصوبوں کو خفیہ تجوریوں میں چھپائے رکھنا ناقابل قبول ہے۔