عمران خان کی بنی گالہ میں دعوت ولیمہ

عمران خان کی بنی گالہ میں دعوت ولیمہ


اسلام آباد(24نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی دعوت ولیمہ کا گزشتہ روز انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی کے قریبی ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ پر گزشتہ روز دعوت ولیمہ میں پارٹی کے قریبی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا تاہم تحریک انصاف کے میڈیا سیل کی جانب سے اب تک دعوت ولیمہ کی تصدیق نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق تقریب میں ڈاکٹر عارف علوی، جہانگیر ترین، فواد چوہدری، عمران اسماعیل، اسد عمر، شیریں مزاری اور دیگر رہنما شریک ہوئے، اس موقع پر عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے بشریٰ بی بی کا تعارف بھی کرایا۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے تقریب کا حصہ نہ بن سکے جب کہ نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وہ بھی دعوت ولیمہ میں مدعو تھے تاہم کراچی میں ہونے کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 18 فروری کو عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کی تصدیق کی گئی اور ان کے نکاح کی تصاویر بھی جاری کیں۔