احد چیمہ کو معطل کرنے کی بجائے ترقی دیدی گئی: محمود الرشید


لاہور (24 نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کا کہنا ہے احد چیمہ کرپٹ آفیسر تھے انہیں معطل کرنے کی بجائے ترقی دے دی گئی۔ ملتان میٹرو بس منصوبے میں کرپشن وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے لیے پانامہ کیس ثابت ہو گا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے کہا کہ ملتان میٹرو میں اربوں روپے کے کک بیک اور کرپشن کی گئی۔ شہباز شریف نے ایک پائی کی نہیں اربوں روپے کی کرپشن کی ہے اور ملتان میٹرو اُن کیلئے پانامہ ثابت ہو گی۔

محمود الرشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف اپنی پوزیشن ایوان میں آکر بتائیں، کانوں کان خبر نہیں ہونے دیتے راتوں رات کرپشن کرتے ہیں جبکہ احد چیمہ نے اربوں روپے سے ان کی تجوریاں بھریں اس کو سروس رولز کے مطابق فارغ کیا جانا چاہیے تھا، لیکن ایسا کرنے کی بجائے اسے ترقی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جو ادارے کرپشن کے خلاف کام کر رہے ہیں ان کے پیچھے کھڑے ہیں، ہماری جدوجہد اسمبلیوں کے اندر اور باہر جاری رہے گی۔