صدر مملکت نے 25 جولائی کو عام انتخابات  کرانے کی منظوری دے دی


اسلام آباد (24 نیوز) تاریخ ساز دن کی تاریخ آ گئی۔ عام انتخابات 25جولائی کو ہوں گے۔ صدرمملکت نے منظوری دی دے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت ممنون حسین کو عام انتخابات 2018 کرانے کے لیے 25، 26 اور 27 جولائی کی تاریخوں کی تجویز پر مبنی سمری بھیجی تھی۔ جس کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 25 جولائی کے لیے گرین سگنل دیا اور بعد ازاں صدر مملکت نے اس پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: کس جماعت کے ہاتھ کون سا انتخابی نشان آیا؟ 

24 نیوز کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنی مہم کے لیے دو ماہ ملیں گے۔ 55دنوں کی لڑائی یکم جون سے شروع ہو گی۔ صدر مملکت سے عام انتخابات کی سمری منظوری کے بعد الیکشن کمیشن سات دن کے اندر انتخابی شیڈول جاری کر دے گا۔

پڑھنا نہ بھولیں: زائد المعیاد شناختی کارڈ والے ووٹ ڈال سکیں گے، الیکشن کمیشن نے خوشخبری سنادی 

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن سمری منظوری کے بعد سات دن کے اندر انتخابی شیڈول جاری کرنے کا پابند ہے۔ لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے 2 جون سے پہلے آئندہ عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔

نگران وزیراعظم اور چاروں نگران وزرائے اعلی کی تقرریوں کا معاملہ

نگران ویراعظم اور چاروں نگران وزرائے اعلیٰ کی تقرریوں کے لیے حکومت اور اپوزیشن کےپاس وقت بہت کم رہ گیاہے۔ نگران وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے پاس 8 دن باقی ہیں،سندھ، خیبرپختوانخوا اور بلوچستان کے نگران وزیر اعلی کی تقرری کے لیے 5 دن باقی رہ گئے ہیں۔

متعلقہ خبر: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے منظور آفریدی کے نام پراتفاق 

قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی آئینی مدت 31 مئی کو مکمل ہو جائے گی جبکہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی آئینی مدت 28 مئی کو مکمل ہو جائے گی۔ حکومت اور اپوزیشن کے بعد پارلیمانی کمیٹی میں بھی نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت 8 جون تک نگران وزیراعظم کی تقرری کرے گا۔