نئے صدر کیلئے مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج ہوگا


لاہور(24نیوز) مسلم لیگ ( ن ) کے نئے صدر کیلئے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس ماڈل ٹاؤن میں ہو گا،جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہوں گے جبکہ اس موقع پر پارٹی کے نئے صدر کے ناموں پر مشاورت ہوگی۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مسلم لیگ ( ن ) کا قائم مقام صدر منتخب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہاتھ دھونا پڑا تاہم پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ایک مرتبہ پھر وہ پارٹی کے صدر منتخب ہوئے جس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا۔

سپریم کورٹ نے 21 فروری انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی دفعہ 62، 63 پر پورا نہ اترنے والا نااہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں کرسکتا۔