سری دیوی کی موت ,دبئی پولیس نے شوہر بونی کپور کو بغیر اجازت ملک چھوڑنے سے روک دیا


دبئی(24نیوز)بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت طبعی، حادثہ تھا یا قتل،، گتھی سلجھنے کے بجائے الجھتی جا رہی ہے،دبئی پولیس نے سری دیوی کے شوہر بونی کپور کو بغیر اجازت ملک چھوڑنے سے بھی روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس نے سری دیوی کی میت تاحال لواحقین کے حوالے نہیں کی، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سری دیوی کی لاش کا ایک بار پھر پوسٹ مارٹم ہوگا۔
فرانزک رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے نہیں ہوئی بلکہ باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی ہے جبکہ خون میں الکوحل بھی پایا گیا ہے،دبئی پولیس نے ہوٹل کا کمرہ سیل کردیا، ملازمین سے بھی تفتیش جاری ہے۔ سری دیوی کے شوہر بونی کپور سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے اور انہیں بغیر اجازت دبئی چھوڑنے سے روک دیا گیا ہے۔
بھارتی صنعتکار انیل امبانی کا خصوصی طیارہ دبئی ایئرپورٹ پر موجود ہے،،، امید ظاہر کی جارہی ہے کہ سری دیوی کی لاش آج لواحقین کے حوالے کی جائے گی اور بھارت بھیجنے سے قبل اسے کیمیکلز کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔