جڑانوالہ کے عوام کہہ رہے ہیں کہ ہم فیصلہ نہیں مانتے: نواز شریف


جڑانوالہ (24 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، فیصل آباد والو !تم لوگ ہمیشہ فیصلہ دیتے ہو، جڑانوالہ والے کہہ رہے ہیں کہ ہم فیصلہ نہیں مانتے۔

جڑانوالہ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ فیصل آباد والو !تم لوگ ہمیشہ فیصلہ دیتے ہو، جڑانوالہ والے کہہ رہے ہیں کہ ہم فیصلہ نہیں مانتے۔ کیا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا جرم ہے؟ جج صاحبان نے سوچا کہ نواز شریف نے بیٹے سے خیالی تنخواہ لی اسلیے اسے نکال دو۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا جلسہ لاہور کا جلسہ نہیں جس میں مخالفین نے خالی کرسیوں سے خطاب کیا۔ بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے ملک کیلئے کچھ نہ کیا، دعوے کرنے والوں نے دھرنے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہ دیا۔ نئے پاکستان والے میٹرو بس سروس کو جنگلا بس کہتے تھے، آج خود پشاور میں میٹرو بنا رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے ایٹمی دھماکے کرنے پر جلا وطن کیا گیا۔ ملک میں ہر طرف دہشتگردی تھی، لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت نے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا۔ نواز شریف نے طاہر القادری کے ڈرنے کی نقل بھی اُتاری اور کہا کہ یہ وہ ہے جو بجلی کے تار ٹوٹنے سے ڈر گیا۔ طاہر القادری حکومت گرانے کیلئے پاکستان آ رہے ہیں۔