ن لیگی امیدوار قمرالاسلام کے بارہ سالہ بیٹا کا انتخابی مہم چلانے کا اعلان


راولپنڈی (24نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 سے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کے مخالف امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری کے بعد ان کے 12 سالہ بیٹے محمد سالار اسلام راجہ نے باپ کی جگہ انتخابی مہم چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

گزشتہ دن ن لیگ کے امیدوار قمرالاسلام کو نیب کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ قمرالاسلام کو صاف پانی کمپنی میں کرپشن کے الزام پر گرفتار کیا گیا۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ قمرالاسلام کو صاف پانی سے متعلقہ کمپنیوں کے اسکینڈل کے حوالے سے پہلے سے جاری تفتیش میں گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب کے مطابق قمر الاسلام پر 84 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔ ملزم قمرالاسلام نے بدنیتی کے ذریعے بلڈنگ کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے چودھری نثار کے مدمقابل لیگی امیدوار کو گرفتار کر لیا 

قمرالاسلام ک کی گرفتاری کے بعد  ان کے بیٹے محمد سالار اسلام  نے ویڈیو پیغام جاری کردیا۔ محمد سالار نے اپنے ویڈیو  پیغام میں کہا  کہ میرا نام محمد سالار اسلام راجہ اور میں انجینئر قمرالاسلام کا بیٹا ہوں۔ آج کی ویڈیو بنانے کا مقصد آپ کو اس سب کے بارے میں بتانا ہے جو صرف میرے نہیں بلکہ این اے 59 اور پی پی 10 کے اہلیان کے ساتھ ہوا۔ہم صبح ساڑھے نو بجے نیب دفتر پہنچے تو ابو اندر چلے گئے اور میں باہر ہی انتظارکر رہا تھا، یہاں تک کہ چار بج گئے اور مجھے پریشانی شروع ہو گئی کہ ابو نے مجھے لیٹ ہونے کی اطلاع نہیں دی۔

پڑھنا مت بھولیں: عام انتخابات قریب آگئے، ہزاروں افراد ووٹ ڈالنے سے محروم

 میں 12 سال کا بچہ جو باہر سڑک پر انتظار کر رہا تھا اور انہوں نے میرے والد کے ساتھ ایسا طریقہ اپنایا کہ مجھے اطلاع دینے کا موقع بھی نہیں دیا کہ میں صبح ساڑھے نو بجے سے میں باہر انتظار کر رہا تھا۔

  انشاءاللہ کل صبح 10 بجے میں راولپنڈی کچہری جاؤں گا اور اپنے والد کے ٹکٹ جمع کرواؤں گا، آپ سب سے گزارش ہے کہ میری طاقت بنیں اور میرے ساتھ مل کر کل صبح 27 جون کو راولپنڈی کچہری پہنچیں اور ٹکٹ جمع کروائیں، تمام اہلیان پی پی 10 اور این اے 59 سے گزارش ہے کہ صبح 10 بجے راولپنڈی کچہری پہنچیں اور میری طاقت بن جائیں۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔