بھارتی فلموں کی نمائش پر فوری پابندی ، چیف جسٹس سے اظہارتشکر

بھارتی فلموں کی نمائش پر فوری پابندی ، چیف جسٹس سے اظہارتشکر


لاہور( 24نیوز ) بھارتی فلموں کی نمائش پر فوری پابندی لگانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع  کروائی گئی، قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق   تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے بھارتی فلموں کی نمائش خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی، قرارداد کےمتن  میں کہا گیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے پاکستانی چینلز پربھارتی مواد نشرکرنے پرمکمل پابندی لگانے پراظہار تشکر کرتے ہیں،  ان کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،  پاکستان بھر میں عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کو بہت سراہا جا رہا ہے، اس اہم فیصلے کے بعد پاکستان میں بھارتی ثقافت کی یلغار کو روکنے میں مدد ملے گی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ  پاکستانی چینلز اپنے پروگرام پاکستانی اور اسلامی ثقافت کے مطابق تیار کریں گے، پاکستان کے سینما گھروں میں آج بھی تواتر سے بھارتی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں، بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کی اجازت سے پاکستان فلم انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے،پاکستان کی ثقافت کو بھی بری طرح نقصان پہنچ رہا ہے۔

قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ بلاواسطہ یا بالواسطہ بھارت کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کا زرمبادلہ بھارت منتقل کرنے سے روکنے، پاکستان کی ثقافت کو محفوظ کرنے اور پاکستان فلم انڈسٹری کو تحفظ دینے کے لئے پاکستان بھر میں بھارتی فلموں کی نمائش کو فوراً روکا جائے۔