سعودی پیکج کے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات

سعودی پیکج کے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات


کراچی (24 نیوز)سعودی عرب اور دوسرے ملکوں سے ڈالر ملنے کے امکانات نے ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی پیدا کر دی، انڈیکس ساڑھے پانچ فیصد بڑھ گیا، تاہم غیر ملکیوں کی طرف سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا سلسلہ جاری رہا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے پہلے دو روز اسٹاک مارکیٹ مندی رہی، لیکن سعودی عرب سے 6 ارب ڈالر کا پیکج ملنے کی خبر کے باعث ہفتے کے تیسرے روز بازار میں زبردست تیزی دیکھی گئی،  جو ہفتے کے باقی روز بھی جاری رہی، ہفتے کے اختتام پر ہنڈرد انڈیکس مجموعی طور پر 2 ہزار 126 پوائنٹ کے اضافے سے 40 ہزار 556 پر بند ہوا۔

علاوہ ازیں کاروبار بھی 51 فیصد بڑھ گیا، اوسط روزانہ 30 کروڑ 10 لاکھ شئیرزکا کاروبار ہوا، شئیرز کی مجموعی مالیت میں 326 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ہفتے کے دوران مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری کے حجم میں ایک کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی کمی دیکھی گئی، دوسری جانب اکتوبر کے دوران اب تک غیر ملکی سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ سے 17 کروڑ 74 لاکھ ڈالر نکال کر لے جا چکے ہیں۔