شہرِ قائد کی لڑکیاں سڑکوں پر ہوائی فائرنگ کرنے لگیں، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل


کراچی (24 نیوز) جدید ہتھیاروں سے فائرنگ اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا شہریوں کا پسندیدہ مشغلہ اور قانون نافذ کرنے والوں کو کھلا چیلنج ہے۔ عدنان پاشا کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فائرنگ کی ویڈیو کے بعد کراچی کی لڑکیاں بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

تفصیلات کے مطابق رئیس گھرانے سے تعلق، فلمی انداز اور کھلے عام اسلحہ کا استعمال نے نوجوان نسل کو نئے نئے شوق دے دیئے ہیں۔ آج کل نوجوانوں میں کھلے عام فائرنگ کرنے اور ویڈیو بنانے کے متعدد کیس سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: دادا گیری مہنگی پڑ گئی،فائرنگ کرنے والا ملزم عدنان پاشا گرفتار

لڑکیاں بھی کسی سے پیچھے نہیں  رہیں۔ شہر قائد کے علاقہ کلفٹن سی ویو میں فلمی سین دہرانے والوں میں لڑکیاں، لڑکوں سے بھی آ گے نظر آتی ہیں۔ جس طرح فلمی سین میں ہیرو یا ولن یا پھر اس کی گرل فرینڈ مختلف ہتھیاروں اور انداز سے فائرنگ کرتے ہیں اور ایسے ہی انداز کراچی کی سڑکوں پر بھی با آسانی دیکھے جا سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ مسئلہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج بن گیا ہے۔ جدید ہتھیاروں سے فائرنگ اب کسی تہوار پر ہی نہیں، منچلے اور بڑے گھر والے جب چاہتے ہیں بندوق کی نالی صاف کر لیتے ہیں اور پولیس کو نا فائرنگ کی آواز آتی ہے اور نہ ان بگڑے نوابوں کے چہرے نظر آتے ہیں۔

اگر پکڑے بھی جائیں تو ضمانت ایک فون کال پر کروا لینا کوئی بڑی بات نہیں۔