اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہوگی


اسلام آباد(24نیوز)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ضمنی ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس پر سماعت کریں گے۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس 28 فروری کو احتساب عدالت میں دائر کیا تھا، جسے سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے عدالت نے تینوں نامزد ملزمان کو آج طلب کیا تھا۔
نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسحاق ڈار کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے جرائم میں ملوث پائے گئے۔
ضمنی ریفرنس کے مطابق اسحاق ڈار نے کرپشن سے غیر قانونی طور پر 48 کروڑ 20 لاکھ روپے اور 40 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز بنائے اور یہ حاصل کردہ رقم اسحاق ڈار کے ذرائع آمدن سے زیادہ ہے۔
ضمنی ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ مرکزی ملزم یا ان کی فیملی آمدنی کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے جبکہ ایک ملزم کے نام پر 7 اکاؤنٹس کھولے گئے، اس طرح بادی النظر میں یہ اکاؤنٹس اسحاق ڈار اور ان کی کمپنیوں کے مفاد میں استعمال ہوئے۔
یاد رہے سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017 کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا تھا۔