کندھ کوٹ :غریب خاندان پراسراربیماری کاشکار،متاثر خاندان مسیحا کی راہ دیکھنے لگا

کندھ کوٹ :غریب خاندان پراسراربیماری کاشکار،متاثر خاندان مسیحا کی راہ دیکھنے لگا


کندھ کوٹ (24نیوز) غریب خاندان کے 5 بچے بیماری کے باعث بینائی سے محروم ہوگئے، گھر کا واحد کفیل بھی بینائی سے محروم،متاثر خاندان کسی مسیحا کی راہ دیکھنے لگا۔

تفصیلات کے مطابق جھونپڑی کندھ کوٹ کے قریب گائوں امیر دین ڈومکی میں علی حسن چاچڑ کی ہے۔جہاں وہ اپنے نابینا 5 بچوں اور بوڑھی ماں کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔علی حسن چاچڑ کے متاثرہ بچوں میں 2 بیٹے 13 سالہ معشوق علی،5 سالہ عبدالغفار اور 3 بیٹیاں 9 سالہ ھیراں،7 سالہ عظمی اور3 سالہ کرشمہ چاچڑ شامل ہیں۔ متاثرہ بچے پیدائشی طورپر تو ٹھیک ہوتے ہیں لیکن 1 سال کی عمر کے بعد آنکھوں کی پر اسرار بیماری میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔متاثرہ خاندان کا واحد کفیل علی حسن چاچڑ بھی بینائی سے محروم ہے۔غربت اوربیماری کے باعث وہ اپنے بچوں کا علاج نہیں کرا سکتا۔

دوسری جانب متاثر شخص کی بیوی پڑوسیوں کے گھروں میں کام کاج کر کے اپنے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہونے نہیں دیتی۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ مخیر لوگ اور حکومتی نمائندوں نے ان کی کوئی مالی مدد نہیں کی۔بلاول بھٹو ان کی مددکریں۔ غریب گھر کے یہ نابینا افراد کسی مسیحا کے انتظار میں ہیں جو ان کا علاج اورمدد کرسکے۔