زینب قتل کیس سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت آج ہو گی


لاہور (24نیوز) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں زینب قتل کیس کی سماعت کچھ دیر میں ہوگی ،چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے پی بی اے،سی پی این ای،اے پی این ایس کے عہدیداروں اور ٹوئٹی فور نیوز کے سینئر اینکر پرسن چودھری غلام حسین، سمیت دیگرصحافیوں کو طلب کر رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پریم کورٹ نے قصور میں اغواءاور زیادتی کے بعد 7 سالہ بچی زینب کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم عمران کے بینک اکاؤنٹس کا دعویٰ کرنے والے اینکرپرسن کے علاوہ کیس میں معاونت کےلئے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، آل پیپر نیوز پیپر ایسوسی ایشن ( اے پی این ایس) کے عہدیداروں، میڈیا مالکان اور سینئر صحافیوں کو بھی عدالت میں طلب کر رکھا ہے۔

آئی جی پنجاب عارف نوازاور سربراہ جے آئی ٹی محمد ادریس سپریم کورٹ لاہوررجسٹری پہنچ گئے جو رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں گے ۔

زینب کے والد امین انصاری ، اینکر پرسن شاہد مسعود بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے، سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس میں آج ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عاصمہ حمید کو بلایا ہے۔

واضح رہے  کہ گزشتہ دنوں ایک اینکر پرسن نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران علی کے 37 بینک اکاؤنٹس ہونے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حکومت پنجاب یہ دعویٰ مسترد کرچکی ہے۔