اسد عمر اپنی ہی حکومت سے نالاں ، اسحاق ڈار کی حمایت

اسد عمر اپنی ہی حکومت سے نالاں ، اسحاق ڈار کی حمایت


کراچی( 24نیوز ) سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام میں جانے کے بعد خرابیاں پیدا ہونا شروع ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق اسد عمر اپنی ہی حکومت پر برس پڑے، کراچی میں تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں چلے گئے، اگر نہ جاتے تو بہتر تھا، آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کے اعلان کے بعد خرابیاں پیدا ہونا شروع ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ سکوک پر کام ہو رہا تھا لیکن آئی ایم ایف معاہدے کے بعد اسے مؤخر کرنا پڑا، پاکستانی معیشت کو مکمل طور پر بدلنے کا موقع سینسر کیا گیا، انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا کہ میں رسک لینے والا بندہ ہوں لیکن سب کہہ رہے ہیں کہ پروگرام لینا ہو گا۔

اسد عمر نے کہا کہ اگر معاشی فیصلے 2023 کے الیکشن کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے تو حالات 2018 جیسے ہوں گے،انہوں نے مزید کہا کہ روپے کو مصنوعی طاقت دینے پر اسحاق ڈار کو الزام نہ دیں، یہ کام ہر حکمران نے کیا۔