لاہور میں ایک اور افسوس ناک واقعہ، خاتون پر شوہر اور جیٹھ کا تشدد

لاہور میں ایک اور افسوس ناک واقعہ، خاتون پر شوہر اور جیٹھ کا تشدد


لاہور (24نیوز) لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی میں خاتون پر تشدد کا ایک واقعہ سامنا آگیا، متاثرہ خاتون پر شوہر اور جیٹھ کی جانب سے بہیمانہ تشدد ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے جیٹھ کو گرفتار کر لیا، خاتون نے انصاف کی اپیل کر دی ہے۔

تھانہ شمالی چھاؤنی کے علاقے عسکری ٹین کی رہائشی خاتون کے ساتھ بھی تشدد کا واقع سامنے آگیا۔ متاثرہ خاتون حاجرہ بی بی کا کہنا ہے کہ وہ عسکری ٹین کی رہائشی ہے ۔ اس کا خاوند اور جیٹھ آئے روز اپنے گھر سے پیسے لانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور اسی بنا پر تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ چند روز قبل اسی معاملے پر جھگڑے کے دوران خاوند عمیر،، جیٹھ حارث اور ساس نے بیلٹوں اور پائپوں کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا جسکی وجہ سے ناک اور منہ سے خون بہنے لگا جس کے بعد اس کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے جیٹھ حارث کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کا خاوند عمیر تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا، متاثرہ خاتون نے مطالبہ کیا کہ اس کو ملزمان سے تحفظ اور اس معاملے پر انصاف فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے علاقے ڈیفنس میں حوا کی بیٹی شوہر کے ظلم کا شکار ہوئی تھی،  شوہر نے دوستوں کے سامنے رقص کرنے سے انکار کرنے پر بیوی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور سر مونڈ دیا تھا۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔