اسلام آباد، انسانی اسمگلنگ کا خطرناک اور گھناؤنا دھنداعروج پر پہنچ گیا

اسلام آباد (24نیوز) وفاقی دارالحکومت میں انسانی اسمگلنگ کا گھناؤنا کاروبار عروج پر ہے، غیر قانونی ایجنٹس معصوم شہریوں سے لاکھوں روپے بٹور کر ان کی زندگی سے کھیل رہے ہیں، ترکی اور یورپ سے اب تک ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی ڈی پورٹ کئے جاچکے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ریجن میں انسانی سمگلنگ کا گھناونا دھندہ خطرناک حد تک پہنچ گیا،ایف آئی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے کارروائیاں صرف دعوے ہی رہے گئے۔

ایف آئی اے رپورٹ میں انکشاف ہوا ہےکہ گذشتہ 6 سالوں کے دوران صرف ترکی سے 3237پاکستانی بے دخل ہوکر اسلام آباد پہنچے، تمام ڈی پورٹیز نے زمینی روٹ اختیار کیا، یونان, ترکی اور دیگر یورپی ممالک سے مجموعی طور پر 7094پاکستانی بے دخل کیے گئے۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ انسانی سمگلروں کی جانب سے یورپ کے لئے ایران اور ترکی کا سرحدی علاقہ استعمال کیا گیا۔ انسانی سمگلروں کے ہاتھوں درجنوں پاکستانی اغوا اور قتل بھی ہوئے۔

انسانی سمگلروں کے ذریعے جعلی دستاویزات پر یورپ جانے والے 3850پاکستانی گزشتہ دو سالوں کے دوران بے دخل کئے گئے،ایف آئی اے حکام کے مطابق دیگر ممالک سے گزشتہ چھے سال تقریبا 40 ہزار سے زائد افراد بے دخل کیے گئے ہیں،