ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تیاریاں عروج پر

ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تیاریاں عروج پر


 لاہور (24 نیوز): عید میلاد البنی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب آتے ہی پاکستان بھر کی مساجد ، گھر، گلی کوچے اور چوراہے رنگ برنگے برقی قمقوں سے سجا دیئے گئے ہیں، شہریوں کا جزبہ بھی دیدنی ہے۔

 

ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوتے ہی دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح شہر اقتدار کے لوگ بھی آقا دو جہاں کی آمد کی تیاریاں شایان شان طریقے سے کرتے ہیں، بڑوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچے بھی نعتیں پڑھتے خوشی سے سرشار نظر آتے ہیں۔ محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے خون میں رچی بسی ہوئی ہے۔

 

لاہور میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تیاریاں عروج پر ہیں، مساجد اور گھروں میں چراغاں کے ساتھ درود و سلام کی محافل سجائی جارہی ہیں۔

 

اس سلسلے میں سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں، گھروں، مساجد ، پارکوں، تفریحی مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے جس سے جشن عید میلاد النبی کی خوشیاں اور رونقیں دوبالا ہو رہی ہیں۔

 

جشن عید میلاد النبی کے موقع پر گھروں اور چوراہوں پر گھی کے دیئے بھی جلائے جاتے ہیں جو خوشی کی علامت ہوتی ہے، سڑکوں اور چوراہوں پر جگہ جگہ کیمپ لگائے جاتے ہیں، ان کیمپس میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈل رکھے جاتے ہیں۔

 

اہلیان لاہور کا کہنا ہے کہ سرکار دو عالم ﷺ کی آمد کی خوشی میں بارہ ربیع الاول کو جگہ جگہ کیک بھی کاٹے جاتے ہیں، جبکہ بچوں میں عیدی، مٹھائی اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء تقسیم کی جاتی ہیں۔