نیا پاکستان، انوکھی واردات، کویت کے سرکاری مہمان کا پرس چوری

نیا پاکستان، انوکھی واردات، کویت کے سرکاری مہمان کا پرس چوری


اسلام آباد(24نیوز) اقتصادی امور ڈویژن میں اجلاس کے دوران کویتی وفد کے سربراہ کا پرس چوری ہوگیا،سی سی ٹی وی فوٹیج سے وزارت صنعت و پیداوار کے سینیئر افسر کو چوری کرتے پکڑا گیا۔ وزارت اقتصادی امور نے متعلقہ افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دے دیا۔

پاکستان کے دورے پر آئے کویت کے اعلی سطح وفد نے اقتصادی امور ڈویژن کے اجلاس میں شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کویتی وفد کا قیمتی بیگ اور دیناروں سے بھرا پرس غائب ہوا تو کویتی وفد کے سربراہ نے شور شرابا کیا جس پر تمام ملازمین، کمروں اور افسران کی الماریوں کی تلاشی لی گئی۔ بڑے افسران نے چھوٹے ملازمین پر شکوک و شہبات ظاہر کیے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کی فوٹیج نے چور کو بے نقاب کر دیا، جس کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کے گریڈ 20 کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ کے وزارت صنعت و پیداوار کے سینیئر آفیسر چور نکلے، جس کے بعد سینئر آفسر سے کویت سے آنیوالے مہمان کا قیمتی بیگ اور دیناروں سے بھرا پرس برآمد کروالیا گیا۔
وزارت نے کویتی وفد سے بھرپور معذرت کی اور اپنے آفیسر کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے متعلقہ افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دے دیا، چور آفیسر کے خلاف درخواست سیکریٹریٹ تھانہ میں دی جائے گی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔