آئندہ عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے شہر شہر جلسے

آئندہ عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے شہر شہر جلسے


24نیوز:  پیپلزپارٹی کا متحدہ کے گڑھ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ ۔عوامی اجتماع سے چیئرمین بلاول بھٹو نے خطاب کیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے ن لیگ کے گڑھ میں بڑا جلسہ کرڈالا۔ ملک بھر سے تحریک انصاف کے قافلے مینار پاکستان پہنچے۔

پاکستان پیپلز پارٹی:

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی آج ایم کیوایم پاکستان کے سیاسی گڑھ لیاقت آباد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ۔

ٹنکی گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل پیپلز پارٹی کے پرچم لہرانے لگے۔ پیپلزپارٹی کے نغموں جیالوں کا بھر پور رقص، جیالیوں نے مہندی لگوائی ، پارٹی کے رنگوں کی چوڑیاں بھی پہن لیں ۔

پی پی پی کے کارکنان کہتے ہیں بلاول بھٹو زرداری کراچی کی اصل روشنیاں واپس لوٹائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: ’’ نواز شریف نے دوستی کی آڑمیں کھلواڑ کیا، اب بڑے پیغامات بھجواتے ہیں‘‘

سینیٹر شیری رحمان اور ناز بلوچ بھی جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے ٹنکی گراؤنڈ پہنچی۔شیری رحمان کہتی ہیں آج کراچی میں دم دم مست قلندر ہوگا ۔جلسہ گاہ میں پیپلزپارٹی کے شہداء کی یاد میں شمعے روشن کی گئیں جبکہ آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

دوسری جانب گزشتہ روز آصف علی زرداری نے لاہور میں 5 بڑے جلسے کرنے کا اعلان بھی کردیا ، انھوں نے کہا کہ لاہور پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف :

 تیس اکتوبر دو ہزار گیارہ کے بعد انتیس اپریل دو ہزار اٹھارہ، وہی میدان، وہی کھلاڑی اور وہی کپتان، پی ٹی آئی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز  کردیا گیا ۔ پاکستان تحریک انصاف آج لاہور میں اپنے جھنڈے گاڑھے گی۔ 

پی ٹی آئی کے مینار پاکستان جلسہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔جلسہ گاہ میں خواتین اورفیملیز کے لیے الگ انکلوژرز بنائے گئے ہیں۔120 فٹ لمبا،32 فٹ چوڑا اور 24 فٹ اونچا اسٹیج تیارکرلیاگیاہے۔ جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ جلسے کےلیے سکیورٹی انتظامات کو فول پروف  بنایا گیا ہے۔ شرکا کو تین مقامات پر چیکنگ کے بعد جلسہ گاہ جانے کی اجازت ملے گی۔ جلسہ گاہ میں 5 داخلی راستے رکھے گئے ہیں۔ وی آئی پیز ، مردوں اور خواتین کو علیحدہ علیحدہ راستوں سے گزارا جائے گا۔ جلسہ گاہ میں 50 ہزار کرسیاں لگا دی گئیں ہیں۔ 

پی ٹی آئی انتظامیہ کے مطابق جلسہ تاریخی ہوگا اور عمران خان اپنا 10 نکاتی پارٹی پالیسی پیش کریں گے۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے   میوزیکل کنسرٹ کا  اہتمام کیا گیا جس میں عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی، ابرار الحق اور دیگر ز نے شرکت کی اور پارٹی ترانے گا کر کارکنوں کا لہو گرمایا۔ عمران خان سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا جائزہ لیا ۔

متحدہ مجلس عمل: 

  متحدہ مجلس عمل مردان میں جلسہ کرے گی جس سے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔یاد رہے کہ متحدہ مجلس عمل کا بحالی کے بعد یہ پہلا جلسہ ہوگا۔

عوام نیشنل پارٹی: 

صوابی میں عوامی نیشنل پارٹی بھی آج جلسہ کرے گی جس کے لیے دیربالا میں پنڈال سجایا گیا ہے، جلسے سے پارٹی صدر اسفند یار ولی اور امیر حیدر ہوتی سمیت دیگر رہنماوں کا خطاب کریں گے۔

پشتون تحفظ موومنٹ: 

پشتون تحفظ موومنٹ سوات میں جلسہ کررہی ہے ، جلسہ کے لیے صبح سے ہی قافلے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ، جلسہ گاہ کارکنوں سے کھچا کھچ بھر گیا تاہم اس دوران جلسہ گاہ میں نوجوان پاکستان جھنڈا لہراتے رہا جس پر انتظامیہ کی جانب سے  نوجوان کو جلسہ گاہ سے نکال دیا گیا۔اور منع کردیا گیا کہ جلسہ گاہ میں کوئی کارکن پاکستانی پرچم نہیں لہرائے گا۔ لڑکے نے سوال پوچھا کہ پاکستانی جھنڈا نہ لہراوؤں تو ہندوستانی جھنڈا لہراوؤں ؟ میں پاکستانی ہوں بھارتی نہیں۔

قومی وطن پارٹی: 

 صوابی میں ہی قومی وطن پارٹی کا بھی جلسہ ہوگا ، پنڈال سج گیا ،انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔   پارٹی چیئرمین آفتاب خان شیرپاؤ  جلسہ سےخطاب کریں گے۔