پنجاب میں دھند کے ڈیرے، راستے گم ہوگئے،سردی کی شدت میں اضافہ

پنجاب میں دھند کے ڈیرے، راستے گم ہوگئے،سردی کی شدت میں اضافہ


 پاکستان(24نیوز) پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافہ، پہاڑی مقامات میں برفباری سے ہرچیز سفید ہوگئی، ٹریفک حادثات کے دوران ایک شخص جاں بحق ،متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہرآج بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کےکئی مقامات کوبند رکھا گیا ۔ فیصل آباد، ملتان، خانیوال، نارووال، ہارون آباد اور دیگر مقامات پر بھی دھند چھائی رہی۔ ۔شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بیشترعلاقے دھندلائے رہنے سے لودھراں بہاولپور،راولپنڈی،پھالیہ اوردیگر شہروں میں گاڑیاں حادثات کا شکارہوئیں۔زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ۔جبکہ گولڑہ موڑکے قریب بس نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا جو موقع پردم توڑ گیا۔

موٹروے پولیس کی جانب دھند ختم ہونے پر موٹروے کو کھول دیا گیا ہے۔لیکن شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

دوسری طرف شمالی علاقوں کےپہاڑی مقامات برفباری سےسفید ہوگئے ہیں۔ گوپس، گلگت، اسکردو، استور،مالم جبہ اور کوئٹہ میں پارہ نقطہ انجمادسے گر گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔