گوجرانوالہ میں چور بازار کی دھوم، سیکنڈ ہینڈ تمام اشیاء باآسانی میسر


گوجرانوالہ (24نیوز) ایک بازار ایسا بھی ہے جسےچور بازار کہا جاتا ہے، جس میں سیکنڈ ہینڈ ضروریات زندگی کی تمام اشیاء باآسانی میسر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں جمعہ کے دن بازار لگایا جاتا ہے۔ لوگوں کا بڑا ہجوم کسی مین بازار میں نہیں بلکہ جمعہ کے دن لگنے والے اس چور بازار میں موجود ہوتا ہے۔ جہاں وہ اپنی ضرورت کی اشیاء کی تلاش میں مکمل طور پر چھان پھٹک کر رہے ہوتے ہیں اس بازار میں چوری شدہ اور کباڑئیے سے خریدا گیا سامان سستے داموں فروخت کیا جاتا ہے۔

دکانداروں کے مطابق اس چوربازار میں چھوٹے سے لیکر بڑے تک کی ضرورت کا ہر سامان موجود ہے۔جہاں سے لوگ سستی قیمتوں پر کپڑے ,جوتے اور اپنی پسند کے ملبوسات خریدتے ہیں جبکہ اس میں موبائل، الیکٹرونک اشیاء،بچوں کے کھلونے ،برتن ،ڈی وی ڈی پلئیراوردیگر کئی چیزوں کے سپئیر پارٹس بھی انتہائی سستے داموں مل جاتے ہیں۔

دوکانداروں نے مزید بتایا کہ وہ چوری کا سامان نہیں بلکہ مارکیٹ سے سیکنڈ ہینڈ مال خرید کر فروخت کرتے ہیں۔