سانحہ ماڈل ٹاؤن کےحوالے سے طاہرالقادری عدالت سے رجوع کریں: راناثناءاللہ


لاہور (24 نیوز) وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے طاہر القادری عدالت سے رجوع کریں، ہم عدالت میں اپنا موقف پیش کریں گے، انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس ابھی بھی زیر سماعت ہے، عدلیہ آزاد ہے، عدلیہ سے فوج کو گلہ ہے تو ہمیں بھی گلہ ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دھرنا اس لئے دیا گیا کہ لوڈشیڈنگ نہ دور کر دیں، رکاوٹوں کے باوجود نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، حکمران جماعت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے سازش کی جارہی ہے۔ نواز شریف کو عہدے سے الگ کرنے کے باوجود مقبولیت کم نہیں کرسکے، شہباز شریف آئندہ الیکشن کے بعد وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔

راناثناء اللہ نے کہا کہ شکاری طاہر القادری کو کنٹینر پر چڑھانا چاہتے ہیں خود نہیں چڑھنا چاہتے، ہم کبھی نہ کبھی طاہر القادری کی غلط فہمی دور کر دیں گے۔ شکاری اپنا الیکشن آسان کرنے کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو استعمال کر رہے ہیں۔ ہمارے مخالفین کو ہر میدان میں مایوسی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے اتنی سخت بات نہیں کی، پاک فوج ہمارے آج کیلئے اپنا کل قربان کرنیوالی فورس ہے۔ پاک فوج کی قربانیوں سے کوئی تہی درست نہیں ہوسکتا، معاملات کو مل کر آگے بڑھانا ہوگا۔