کراچی: اساتذہ کا احتجاجی دھرنا، حکومت کا تھرڈ پارٹی سے ٹیسٹ لینےکافیصلہ


کراچی (24 نیوز) کراچی میں اساتذہ کا احتجاجی دھرنا پانچویں روز بھی جاری رہا، دوسری جانب سندھ حکومت نے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کا تھرڈ پارٹی سے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کر لیا، اساتذہ نے امتحان دینے سے انکار کردیا۔

مطالبات کی منظوری کے لئے سندھ بھر کے اساتذہ کا کراچی پریس کلب پر احتجاجی دھرنا جاری ہے، دوسری جانب سندھ حکومت نے اساتذہ کی تھرڈ پارٹی سے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، فیصلہ ہوا ہے کہ ہر پانچ سال کے بعد اساتذہ کی تھرڈ پارٹی سے امتحان لیا جائے گا، تعلیمی معیار پر پورا نا اترنے والے اساتذہ کو ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا، اس فیصلے کا علم جب اساتذہ کو ہوا تو انہوں نے ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا۔

احتجاجی اساتذہ کا کہنا ہے کہ جب تک وزیرِ اعلیٰ سندھ مذاکرات کے بعد مطالبات مان نہیں لیتے، تب تک احتجاج جاری رہے گا۔