کابل : پھر دہشتگردی،حملے میں5 کیڈٹ ہلاک ، 10 زخمی


کابل (24نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ملٹری اکیڈمی مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس میں5 کیڈٹ ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اکیڈمی پر حملہ صبح 5 بجے کیا گیا جس کے بعد دھماکوں اورفائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاجس کے بعد فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
افغان وزارت دفاع کا کہناتھا کہ ملٹری اکیڈمی پر 4 دہشتگردوں نے حملہ کیا اور ایک حملہ آور نے خودکو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 5 کیڈٹ ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے،جبکہ فورسز کی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے، ایک کو گرفتار کر لیا گیا، ہلاک ہونے والے ایک حملہ آور نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی،گرفتار حملہ آور کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔