میرا جرم نواز شریف کی بیٹی ہونا ہے:مریم نواز


اسلام آباد( 24نیوز )سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پر یس کانفرنس کیلئے پنجاب ہاﺅس پہنچ گئی ہیں جہاں صحافیوں اور پارٹی رہنماﺅں کی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین دن میں 127سوالات کے جوابات دیے ہیں،ان سولات کا جواب عوام کے سامنے بھی پیش کرنا چاہتی ہوں،ایک سوال تھا کہ آپ پر مقدمہ کیوں بنایا گیا،مقدمہ ناانصافی کیخلاف کھڑا ہونے کیلئے بنایا گیا ہے۔میرا جرم نواز شریف کی بیٹی ہونا ہے-

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دلانے کے لیے جہاد پر نکلے ہیں اور اس جہاد میں، میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں۔مجھے ریفرنس میں الجھانے کی وجہ میرے والد کے اعصاب پر دباؤ ڈالنا ہے، منصوبے بنانے والوں یاد رکھو نواز شریف کی بیٹی اس کی کمزوری نہیں طاقت ہے اور وہ اپنے والد کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہیں۔ 

 یہ بھی پڑھیں: نوازشریف نامزد نگران وزیر اعظم کے معترف

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کا سر جھکنے دیں گی اور نہ غیرت مند پاکستانیوں کا۔ نواز شریف کے بہت سے جرائم ہوں گے-بہت سے گناہ ہوں گے مگر انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، جدید ترین انفراسٹرکچر دیا اور ملک میں جدید شاہراہوں اور موٹرویز کا جال بچھایا۔

 مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے بلوچستان کو بدامنی سے نکال کر امن وسکون دیا، کراچی کی رونقیں بحال کیں، دیوالیہ ہو جانے والی معیشت کو بحال کیا، نوجوانوں اور بے روزگاروں کے لیے روزگار کے مواقع کھولے اور 19سال بعد مردم شماری کرائی۔