شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل پورے براعظم امریکہ کو نشانہ بنا سکتا ہے


(ویب ڈیسک): شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے ایک نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو پورے براعظم امریکہ کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

 

شمالی کوریا کے سرکاری ٹیلی وژن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جوہری ریاست بننے کا مشن پورا کر لیا ہے۔ شمالی کوریا کے مطابق یہ نیا ہواسانگ 15 میزائل اس کا طاقتور ترین میزائل ہے اور اسے بدھ کی صبح منہ اندھیرے لانچ کیا گیا، یہ میزائل جاپان کے پانیوں میں جا کر گرا، تاہم اس کی اڑان شمالی کوریا کی جانب سے تجربہ کیے گئے ماضی کے سبھی میزائلوں سے زیادہ بلند تھی۔

 

امریکی محکمہِ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے اس ممکنہ تجربے کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس سال شمالی کوریا نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کے تجربے کیے، جن میں ان کا پہلا بین الابرِعاظمی بیلسٹک میزائل بھی شامل ہے۔ اسی دوران شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے حوالے سے عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

 

شمالی کوریا اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے جوہری اسلحے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ پیانگ یانگ نے اپنے میزائل پروگرام کے منصوبے کو راز میں بھی نہیں رکھا کہ وہ ایسا میزائل بنانا چاہتا ہے جو امریکہ کی سرزمین کو نشانہ بنا سکے اور یہ کہ اس نے ہائیڈروجن بم تیار کر لیا ہے۔

 

گذشتہ ماہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے جوہری حملے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔