پی ٹی آئی کارکنان نے گریٹر اقبال پارک لاہور کو برباد کر دیا


لاہور (24 نیوز) تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک کی حالت ہی تبدیل کر دی۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ہونے والے جلسہ کے بعد مینار پاکستان گراؤنڈ کی جو حالت ہوئی اس نے لاہوریوں کو کپتان سے متنفر کر دیا۔

24 نیوز کے مطابق ٹوٹی پھوٹی ٹائلز، اکھڑے جنگلے، زمین پر گرے لائٹس کے پولز اور گندگی کے ڈھیر، یہ تھی گریٹر اقبال پارک میں آنے والی تبدیلی، جہاں کرینوں کی مدد سے کنٹینرز رکھتے ہوئے مینار پاکستان کے گرد خوبصورت پتھروں سے بنی دیوار ٹوٹی تو کئی ماربل ٹائلز بھی توڑ دی گئیں۔ حد تو یہ کہ کارکنان نے پنجاب ہائی وے اتھارٹی (پی ایچ اے) کی جانب سے لگائے گئے قیمتی پودوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ’نئے پاکستان‘ کیلئے گیارہ نکات کا اعلان کر دیا 

پی ٹی آئی کارکنان نے مینار پاکستان کے گرد بنے حفاظتی جنگلے بھی اکھاڑ دیئے جبکہ پارک میں کھانے پینے کی اشیا کے ریپر اور بچے کھچے کھانے سے تعفن پھیلا ہوا ہے جس سے گریٹر اقبال پارک کی خوبصورتی بدصورتی میں بدل کر رہ گئی ہے۔

سیر و تفریح کے لیے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس کا نام تبدیلی ہے تو ہمیں نہیں چاہیے یہ تبدیلی۔