ایوان صدر کا نیا مکین کون ہوگا؟

ایوان صدر کا نیا مکین کون ہوگا؟


اسلام آباد( 24نیوز )کون ہوگا صدرپاکستان ؟یہ وہ سوال ہے جو اس وقت ہر پاکستانی کے ذہن میں ہلچل مچائے ہوئے،جوں جوں4ستمبر قریب آتی جارہی ہے صدارتی امیدواروں کی طرف سے رابطوں میں بھی تیزی آتی جارہی ہے،اس وقت تین امیدوار ڈاکٹر عار ف علوی،اعتزاز احسن اور مولانا فضل الرحمان میدان میں ہیں،تینوں امیدوار جیت کیلئے پر امید ہیں،عارف علوی پی ٹی آئی کے امید وار ہیں،اعتزاز احسن پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد کی طرف سے انتخاب لڑیں گے،کس کی پوزیشن مضبوط ہے؟ کون ملک کی سربراہی سنبھالے گا؟اس کا اندازہ نمبر گیم سے لگایا جاسکتا ہے۔


حکومتی اور اپوزیشن اتحاد کے پاس کتنے ووٹ ہیں اور کہاں کتنے ووٹ آزاد ہیں، قومی اسمبلی کے 342 کے ایوان میں 12نشستیں خالی ہیں، موجودہ 330 کے ایوان میں تحریک انصاف کے پاس 176 اور اپوزیشن کے پاس 150ووٹ ہیں جبکہ 4 ارکان آزاد ہیں، سینیٹ میں 68 ارکان کا تعلق اپوزیشن، 25 کا پی ٹی آئی الائنس جبکہ 11 آزاد سینیٹرز ہیں۔پنجاب اسمبلی میں بلوچستان اسمبلی کے تناسب کے لحاظ سے حکومتی اتحاد کی 33، اپوزیشن کی 30 جبکہ ایک رکن آزاد ہے، سندھ میں پی ٹی آئی الائنس کے 26 ووٹ اپوزیشن اتحاد کے 38 جبکہ تحریک لبیک کے پاس ایک ووٹ ہے۔خیبر پی کے میں حکومتی الائنس کے 45ووٹ اپوزیشن الائنس کے 18 اور 2 ووٹ آزاد ارکان کے ہیں بلوچستان اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے پاس 41ووٹ، اپوزیشن کے 16 اور 4 ووٹ آزاد ارکان کے ہیں۔ یوں پی ٹی آئی اتحاد کے کل ووٹ 346 اپوزیشن الائنس کے 320 اور آزاد ووٹرز کی تعداد 23 کے قریب ہے،یہ بھی خبر ہے کہ فاٹا سے تین آزاد سینیٹرز پی ٹی آئی کا حصہ بن چکے ہیں۔


کہانی میں ٹوئسٹ یہ ہے کہ حکومتی اتحاد کا ایک امیدوار ہے اور اپوزیشن متفقہ امیدوار لانے میں ناکام رہی ہے،اب اس کے دو امیدوار میدان میں ہیں تو اپوزیشن کا ووٹ تقسیم ہوجائے گا،اپوزیشن کے درمیان رابطوں کے نتیجہ خیز نہ ہونے کا بڑا نقصان یہ نظر آ رہا ہے کہ اب مشترکہ امیدوار نہ آنے سے خود اپوزیشن کے مستقبل کے آگے بھی سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے اور لگ یہ رہا ہے کہ صدارتی انتخابات کے بعد آنے والے حالات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان دوبارہ کسی مشترکہ پلیٹ فارم پر آنا ممکن نہیں ہوگا۔


ایک بات تو طے ہے ان میں سے جو بھی صدر بنا ایوان صدر میں رونق لگی رہے گی،شاہر اہ دستور سے گزرنے والے یہ نہیں کہیں گے”السلام علیکم یا اہل القبور“۔اگر کوئی غلطی کر بھی بیٹھا تو سلام کا جواب ضرور ملے گا۔