ہر جگہ میرا ہی کیس چل رہا ہے: نواز شریف


اسلام آباد(24نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ساری عدالتوں میں صرف ان ہی کے خلاف مقدمے چل رہے ہیں۔
نیب ریفرنسز کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ ہو، ہائی کورٹ ہو یا کوئی اور عدالت، ہر جگہ میرا ہی مقدمہ چل رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خلاف کیسز کیوں چل رہے ہیں، وجہ سب کے سامنے ہے۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کے سلسلے میں دائر کیے گئے ضمنی ریفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017کے فیصلے کی روشنی میں کوئی نیا اثاثہ سامنے آنے کی صورت میں ہی ضمنی ریفرنس دائر ہوسکتا تھا،وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ اس نام نہاد ضمنی ریفرنس میں کوئی نیا اثاثہ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی باہمی قانونی معاونت کے تحت نیب کوئی جواز سامنے لاسکا ہے۔
مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ ضمنی ریفرنس دائر کرکے استغاثہ یہ بات مان رہا ہے کہ پہلا ریفرنس کمزور تھا، عبوری ریفرنس میں مریم نواز پر بینیفشل اونر ہونے کا الزام تھا، جو ضمنی ریفرنس میں نہیں ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نئے ضمنی ریفرنس میں کاغذات بھی سارے پرانے ہیں، اس میں کوئی قابلِ ذکر شہادت شامل نہیں ہے۔