فردوس جمال کی تنقید پر ماہرہ خان کا جواب

فردوس جمال کی تنقید پر ماہرہ خان کا جواب


لاہور(24 نیوز) سینئر ٹی وی اداکار فردوس جمال نے چند روز قبل کہا تھا کہ ماہرہ خان کو ہیروئن کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیئے،انہیں اب ماں کا کردار ادا کرنا چاہیئے۔اب فردوس جمال کو ماہرہ خان کی جانب سے جواب دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اداکارہ ماہرہ خان نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’ہم حال ہیں اور جو ہم کرتے ہیں اور جیسے ہم کرتے ہیں وہ ہمارا مستقبل ہے لیکن میں اُن سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو مجھ سے پوچھے بغیر میری حمایت میں باہر آئے۔

ماہرہ خان نے کہا کہ بطور فنکارہ مجھے اپنی انڈسٹری پر فخر ہے اور میں شکر گزار ہوں اُن تمام سینئرز کی جنہوں نے نہ صرف دوسروں کا بلکہ میرے لیے بھی راستہ ہموار کیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے خود پر بھی فخر ہے کیوں کہ اپنی زندگی کے اس سفر میں فخر کے ساتھ یہ کہہ سکتی ہوں کہ میں نے وہ کچھ کیا ہے مجھے ٹھیک لگاہے لیکن اس بات سے کبھی پریشان نہیں ہوئی کہ دوسروں کے مطابق میرے لیے کیا ٹھیک ہے۔

فلم رئیس کی اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ دنیا نفرت سے بھرپور ہے لیکن ہمیں محبت کا انتخاب کرنا چاہیے، ہم لوگوں کی رائے کو برداشت کرتے ہیں اور ہماری جنگ اس مخصوص سوچ کے خلاف ہے جو یہ سمجھتے ہیں کامیاب عورت ایک ڈراؤنی سوچ ہے لیکن حقیقتاً ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ یہ خوبصورت اور عورت کو با اختیار بنانے کے لیے ہے۔آخر میں انہوں نے لکھا کہ ایک دوسرے کے پیچھے پڑنا بند کردیں اس طرح ہمارا ملک اور ہماری انڈسٹری کامیابی کی جانب نہیں بڑھے گی۔

واضح رہے کہ سینئر اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان کودو بچوں کی ’ماں‘ کا کردار کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔