حکومت فیض آباد آپریشن کے حقائق منظر عام پر لائے: شیخ رشید


اسلام آباد (24 نیوز): عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات ہوتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے۔ حکومت فیض آباد آپریشن کے حقائق منظر عام پر لائے اور شہادتوں سے متعلق درست اعداد و شمار بتائے جائیں۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ فیض آباد دھرنا آپریشن سے متعلق حکومت حقائق کو چھپا رہی ہے۔ حکومت آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے درست اعداد و شمار بتائے اور زخمیوں کی فوری امداد کی جائے۔

 

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ زاہد حامد اتنے فنکار وزیر نہیں تھے جن کو بچانے کی خاطر نواز شریف نے انتشار پھیلایا۔ ن لیگ سازش کے ذریعے پاک فوج اور مظاہرین کو آپس میں لڑانا چاہتی تھی۔

 

شیخ رشید نے گزشتہ روز آئی ایٹ میں امام بارگاہ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بارہ ربیع الاول کے جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔