شہدائے کربلاکاچہلم آج انتہائی عقیدت و احترام کےساتھ منایاجارہاہے



لاہور(24نیوز) ملک بھر کے مختلف شہروں میں آج چہلم شہدائے کربلا مذہبی عقید و احترام کے ساتھ منایا جارہا، مختلف امام بارگاہوں سے جلوسوں کی برآمدی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں کراچی، سکھر، ملتان، لاہور اور راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی جبکہ کراچی، لاڑکانہ، نوابشاہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے، لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہونے کے بعد روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات گیارہ بجے کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا جب کہ جلوس مختلف مقامات پر قیام بھی کرے گا اور ذاکرین فلسفہ شہادت پر شرکاء سے خطاب کریں گے،جلوس کے راستوں پر سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں جہاں پر جلوس کے شرکاء کے لیے دودھ اور شربت کا اہتمام کیا گیا ہے۔

 کراچی میں مرکزی جلوس نمائش چورنگی سے برآمد ہو ا، روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں اختتام پذیر ہو گا،کراچی کی ایم اے جناح روڈ کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہے، شہروں میں جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون سروس  کوبند کیا گیا ہے سندھ کے کئی اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی،راولپنڈی اور دیگر شہروں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں، ماتمی جلوسوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوارواقعے سے بچنے کے لئے  ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،کراچی میں صدر اور اطراف کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے ۔

علاوہ ازیں دنیا بھر سے کروڑوں عزادار اربعین کے لیے کربلا معلیٰ پہنچ گئے،یاحسینؑ یاحسینؑ کی صدائیں  بلند ہیں  روضہ حضرت امام حسین علیہ السلام اورروضہ حضرت عباس علیہ السلام پر عزاداروں کی حاضری، ماتم اورنوحہ خوانی کاسلسلہ بھی جاری ہے۔

M.SAJID KHAN

CONTENT WRITER