گستاخانہ خاکوں کے خلاف مسلمانوں کی کوششیں رنگ لے آئیں

گستاخانہ خاکوں کے خلاف مسلمانوں کی کوششیں رنگ لے آئیں


اسلام آباد(24نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہتے ہیں کہ تحریک لبیک نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا ، ابھی ہمارے مذاکرات جاری تھے کہ یہ کرشمہ ہوگیا اور یہ حضور ﷺ کی رحمت ہے جن کی ناموس کے لئے ہم متحد ہوئے تھے کہ ہالینڈ کے سفیر کا پیغام آگیا کہ گستاخانہ کا مقابلہ منسوخ کردیاگیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تحریک لبیک کے رہنماﺅں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  میں تحریک لبیک کے رہنماﺅں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کررہا تھا کہ یہ کرشمہ ہواہے اور یہ حضور ﷺ کی رحمت ہے کہ جن کے ناموس کیلئے ہم متحدہوئے ۔ ابھی ہمارے مذاکرات جاری تھے کہ ہالینڈ کے سفیر کا پیغام آگیاکہ وہ قائل ہوگئے ہیں اور وہ ڈچ لوگوں کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے اس لئے انہوں نے یہ مقابلہ ترک کردیاہے ۔ میں تحریک لبیک کے رہنماﺅں سے یہی عرض کررہاتھا کہ ہم کو سفارتکار ی کا موقع دیا جائے اور اگر اس سے معاملات حل نہیں ہوتے تو ہم آپ کے ساتھ ہونگے ۔

انہو ں نے مزید کہا کہ اس وقت یہ کرشمہ رونما ہوگیا ۔ اس معاملے پر ہم کو اپنی مربوط حکمت عملی بنانی ہوگی اور میں اس معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھانے کی کوشش کروں گا۔ میں اب تحریک لبیک کے رہنماﺅ ں سے گزارش کروں گا کہ ان کا مقصد پورا ہوگیاہے اور ان کاقافلہ پر امن طور پر منتشر ہوجائے ۔ا س لئے ہم مستقبل میں بھی گاہے بگاہے ان سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب گستاخانہ خاکوں کے خلاف مسلمانوں کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق ہالینڈ کے پارلیمنٹرینز نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کردیاہے۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ڈچ حکومت کی جانب سے یہ حکم پاکستان میں مسلمانوں کی شدید احتجاج کے باعث جاری کیا گیاہے ۔