بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی، وزیرخارجہ کا بڑا اعلان



ملتان(24نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ذاتی طور پر بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی نہیں چاہتا،اپوزیشن نے اعتراض کیا کہ بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کا غلط استعمال کیا جاتا ہے،نام کی تبدیلی کے لئے قانونی طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی نہیں چاہتا،نام نہیں کام دیکھا جاتا ہے ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ کام ٹھیک ہو،نام کی تبدیلی کے لئے قانونی طریقہ کار اپنایا جاتا ہے,بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام جومستحق لوگوں کے لئے شروع ہوا ان افراد کیصیحح معنوں میں مدد ہو۔

 گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو خوش کرنے کے لئے بینظیر انکم سپوٹ پروگرام کا نام بدلنے کی یقین دہانی تو کرادی ہے، لیکن شہید محترمہ کے نام میں جاری اس پروگرام کا نام تبدیل کرنا حکومت کیلئے مشکل امتحان ہوگا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت منظور کیا گیا۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی حکومت کے اس فیصلہ کی مذمت کی اور تشویش کا اظہار کیا،صوبائی وزیرلائیواسٹاک اسماعیل راہوکاکہنا تھاکہ وزیراعظم کی جانب سے بی آئی ایس پی کا نام بدلنے والے اعلان پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے ایسی گھناؤنی حرکت کی تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا ،بیمارذہنیت رکھنے والےوفاقی حکمرانوں کوبینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بدلنے نہیں دیں گے۔