پاکستان میں جگہ جگہ ٹریفک جام، عوام پریشان، دفعہ 144 نافذ

پاکستان میں جگہ جگہ ٹریفک جام، عوام پریشان، دفعہ 144 نافذ


اسلام آبا(24نیوز) کراچی، لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں ٹریفک کا شدید دباؤ ہے  جس کی وجہ سے  جی ٹی روڈ، موٹروے پر سفر کرنیوالوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

کراچی میں دفعہ 144 نافذ: 

کراچی میں محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی، نوٹیفکیشن کے مطابق دس روزکےدوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں جلسے،جلوس،ریلیوں اور4 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی جس کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔محکمہ داخلہ سندھ نے اسلحہ لے کر چلنے کے اجازت نامے بھی 10 روز کے لیے منسوخ کر دئیے ہیں، تاہم صحافی، پولیس اہلکار، قانون نافذ کرنے والی ادارے،سیکیورٹی گارڈز اور نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے اہلکار ڈیوٹی کے اوقات کے دوران پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

کراچی میں  تدریسی عمل معطل ہوگیا۔ شہر بھر میں کالجز، نجی اور سرکاری اسکول بھی بند ہوگئے۔

 پنجاب بھر میں میں ٹریفک کا دباؤ اور دفعہ 144 کا نفاذ:

 پنجاب بھر میں بھی ٹریفک کا شدید دباؤ ہے،  شہرکے مختلف مقامات پر ٹریفک جام، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، فیروزپورروڈپرچونگی امرسدھو میں روڈ بلاک، قصورسےلاہورآنےاورجانےوالی ٹریفک بلاک ہوگئی، فیصل چوک اورملحقہ علاقوں میں بھی بدترین ٹریفک جام، بابوصابوانٹرچینج پرموٹروےکےدونوں راستےبند ہوگئے، ٹھوکر،راوی ٹول پلازہ،کالاشاہ کاکو،کوٹ عبدالمالک ،شیخوپورہ انٹرچینج ایم ٹوموٹروے بھی بند ہے۔ متعدد مقامات پرپھاٹک بند، ریلوے اسٹیشن پر ٹرین آپریشن بھی معطل ہوگیا، ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنیوالے ہزاروں مسافروں کوپریشانی کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔

مارکیٹیں بند:

شہر میں تاجر برادری نے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور پلازے بند کردیئے ، اعظم کلاتھ مارکیٹ ،بادامی باغ  آٹو پارٹس مارکیٹ ،لوہا مارکیٹ مصری شاہ ،رنگ محل سوہا بازار ،موچی گیٹ کھلونا مارکیٹ ،انارکلی بازار ، بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ,اردو بازار ، گنپت روڈ پیپر مارکیٹ،پان منڈی انارکلی ،پلاسٹک دانہ مارکیٹ ،میڈیسن مارکیٹ سمیت سرکلر روڈ کے اطراف کی مارکیٹیں بھی بند کردی گئیں ہیں۔جس کی وجہ سے خریداری کی غرض سے آنے والے شہریوں کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑ رہا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔ جس کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے،  5 یا  5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر  بھی پابندی لگا دی گئی ہے، اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا گیا۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے  رینجرز کو طلب کرلیا، ذرائع کے مطابق رینجرز کو پنجاب کے تمام حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا،    لاہورسےملتان جانیوالےرائیونڈسےبراستہ چونیاں اوکاڑہ جائیں گے ، ساہیوال سےلاہورآنیوالی ٹریفک اوکاڑہ سےدیپال پورلاہورآئیں گے۔ شہری مزیدمعلومات کیلئےہیلپ لائن130پرکال کرسکتےہیں۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔