حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا


اسلام آباد(24نیوز) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا.

حکومت نےپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کوآگ لگادی۔بجلی اورگیس کےبعدعوام پرپٹرول بم گرادیاگیا۔ کپتان کی حکومت نےپٹرول کی قیمت میں 5روپے اورڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا جبکہ پٹرول اورڈیزل کےساتھ ساتھ مٹی کاتیل بھی 3روپے لٹرمہنگاکردیاگیا۔

قیمتوں میں اضافہ کےبعدپٹرول کی نئی قیمت 97 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔جبکہ 6 روپے 37 پیسے کے اضافے کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112 روپے 94 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔3 روپے کے اضافے کے بعد مٹی کا تیل اب 86 روپے 50 پیسے فی لیٹر کاملےگا جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 6 روپے 48 پیسے کااضافہ کیاگیا۔نئی قیمت82 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

وزارت خزانہ نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی۔نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز  اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 9 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔ مٹی کا تیل 6 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 6 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز  دی تھی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔